ریاستی تعلیمی تحقیق و تربیت کونسل، مہاراشٹر، پونے کی جانب سے منعقدہ بچوں کی نفسیات پر مبنی کیس اسٹڈی تعلقہ سطح مقابلے میں ضلع پریشد اردو سنٹرل پرائمری اسکول، جامنیر ضلع جلگاؤں کے معاون معلم عبدالمحسن عبدالمناف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔
لسانی ترقی میں موجود نفسیاتی رکاوٹیں اور ان کے حل کے موضوع پر مبنی کیس اسٹڈی پیش کرتے ہوئے انہوں نے طلبہ کی جذباتی، سماجی اور ذہنی نشوونما سے متعلق مختلف پہلو نہایت مؤثر انداز میں بیان کیے۔ طلبہ کے رویّے میں تبدیلی، سیکھنے میں پیش آنے والی مشکلات، ان کی کونسلنگ کی ضرورت اور تعلیمی ماحول میں مثبت تدخّل جیسے متعدد نکات کا انہوں نے تفصیلی و تحقیقی جائزہ لیا۔ جانچ کمیٹی نے ان کی پیشکش میں موجود تحقیقی نقطۂ نظر، معلومات کی درستگی، پیشکش کی وضاحت اور مؤثر اندازِ بیان کی خاص طور پر تعریف کی۔

تعلقہ سطح پر پہلا مقام حاصل کرنے کے بعد عبدالمحسن عبدالمناف کا انتخاب ڈویژن سطح مقابلے کے لیے ہوا ہے۔ اس اگلے مرحلے میں وہ اپنے تعلیمی نظریے کو مزید جامع انداز میں پیش کرنے والے ہیں۔
تعلقہ جات کے تمام افسران، مرکز کے انچارج، اسکول کے صدر مدرس، معاون اساتذہ، والدین اور مقامی افراد نے ان کی اس کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ وہ تعلیم کے شعبے میں طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف ہونے پر ہر طرف مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح ہو کہ عبدالمحسن عبدالمناف اردو زبان کے سب سے معروف و مقبول تعلیمی پلیٹ فارم بدلاؤ ضروری ہے کے بانی ہیں۔
عبدالمحسن عبدالمناف کی اس کامیابی سے پورے اسکول اور علاقے میں خوشی کا ماحول ہے اور یہ یقین ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ڈویژن سطح پر بھی کامیابی کی اسی روایت کو برقرار رکھیں گے۔

